کراچی: آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے گروہ کو ختم کردیا تاہم حالیہ واقعات میں دوسرا گروہ سرگرم ہے جو مخصوص افسران کو نشانہ بنارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی اسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ’’جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے گروہ کو ختم کیا تو ایک نیا گروپ سرگرم ہوگیا جو صرف مخصوص افسران کو نشانہ بنارہا ہے تاہم جلد اس گروہ کو بھی ختم کردیا جائے گا۔
پڑھیں: ’’ کراچی، فائرنگ کے واقعات ڈی ایس پی سمیت 2 افراد جاں بحق ‘‘
اے ڈی خواجہ نے کہا کہ فائرنگ کے حالیہ واقعات میں کالعدم جماعت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے تاہم تحقیقات مکمل ہونے پر باضابطہ بیان جاری کیا جائے گا، آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈی آئی ٹریفک ڈیوٹی ختم کر کے گھر جارہے تھے کہ الہ دین پارک کے پاس نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس افسر جاں بحق ہوا۔