کراچی : نیو کراچی کے علاقے میں پولیس اہلکار کو ٹارگٹ کلنگ کرکے شہید کردیا گیا، دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اہلکار نیو کراچی سیکٹر5میں اپنے گھر سے نکلا تو موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
وحید نامی اہلکار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا، مقتول اہلکار وحید سیکیورٹی زون ون میں جج کے ساتھ تعینات تھا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جائیں گی۔
دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے کھارادر میں مکینک کی دکان پر موٹرسائیکل2ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا دکان پر خریداری کیلئے آیا تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔