نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 سالہ بچی کے باپ کا قتل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، مسلح افراد شہر بھر میں دندناتے پھررہے ہیں اور پولیس روایتی بے حسی کا شکار ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں پیش آیا جہاں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اطراف میں کوئی سی سی ٹی وی نہیں جس سے مدد مل سکے تحقیقات جاری ہے ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔
لواحقین کے مطابق مقتول نے نیا موبائل لیا تھا، گھر پر انٹرنیٹ نہیں چل رہا تھا، اسلئے فون پر آئی ڈی بنانے کیلئے گھر کے باہر گیا تھا، ملزمان نے جب موبائل چھینا تو محلے داروں نے شور مچایا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، گولی عمران کے گردن میں لگی اور وہ دم توڑ گیا۔
لواحقین کے مطابق عمران گارمنٹ فیکٹری میں ملازم اور دو سال کی بچی کا باپ تھا، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔