تازہ ترین

بھارتی اداکارہ تنیشا خودکشی کیس میں نیا موڑ، شیزان کے وکیل نے پنڈورا باکس کھول دیا

بھارتی اداکارہ تنیشا خودکشی کیس میں اہم موڑ آیا ہے اور اداکارہ کے گرفتار دوست شیزان خان کے وکیل نے پریس کانفرنس کرکے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

بھارتی اداکارہ تنیشا شرما نے گزشتہ ماہ ایک میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر ہی خودکشی کرلی تھی۔ اس کی خودکشی کے بعد اداکارہ کے دوست اور ساتھی اداکار شیزان خان کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ اداکارہ کی خودکشی کے بعد اس کیس کے حوالے سے روز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں اب گرفتار شیزان کے وکیل نے پریس کانفرنس کرکے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے جس سے اس کیس کے نیا موڑ لینے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیزان خان کے وکیل نے گزشتہ پیر کو ایک پریس کانفرنس کرکے آنجہانی اداکارہ کی فیملی کو ہی ملزمان کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا اور سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

وکیل نے اپنی پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ تُنیشا کے تعلقات اپنی فیملی کے ساتھ اچھے نہیں تھے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ وکیل نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک بار اداکارہ کی ماں نے اس کا گلا بھی دبایا تھا اور یہ بات تنیشا نے اس وقت جس سیریل میں کام کر رہی تھی اس کے ڈائریکٹر کو بھی بتائی تھی۔

شیزان خان کے وکیل نے کہا کہ تُنیشا کی محنت کی ساری کمائی اس کی ماں ونیتا شرما اپنے پاس رکھتی تھیں اور وہ اسے ایک ایک پیسے کے لیے محتاج بنائے رکھتی تھیں۔

مذکورہ وکیل نے الزامات کا رخ اداکارہ کی ماں کی دوست کی جانب بھی کیا اور کہا کہ تنشیا اپنی ماں کی دوست سنجیو کوشل سے بہت زیادہ ڈرتی تھی اور اس کی وجہ سے وہ انزائٹی کا شکار بھی رہتی تھی۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل تُنیشا کی ماں ونیتا شرما نے شیزان کے خاندان پر کئی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان پر تنشیا کو اردو سکھانے، مذہب کی تبدیلی کے لیے دباؤ ڈالنے اور اداکارہ کے شیزان کے خاندان کو مہنگے تحائف دینے کے الزامات عائد کیے تھے۔

Comments

- Advertisement -