ابوظبی: یو اے ای نے قومی دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریاں جاری رکھی ہوئیں ہیں اور شہریوں کو اسپیشل سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہری اب اپنی گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کے زریعے اپنے ملک سے محبت کا اظہار کرسکتے ہیں، ابوظبی پولیس نے گذشتہ روز گاڑیوں کی نئی نمبر پلیٹس جاری کردیں ہیں۔
نمبر پلیٹس پر متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے 50 درج کیا گیا ہے، یہ نمبر پلیٹس آج سے عوام کے لئے دستیاب ہونگی، رہائشی نئی نمبر پلیٹس ڈرائیور اینڈ لائسنسنگ ڈائریکٹوریٹ کے تمام سروس سینٹرز سے خرید سکتے ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر نجی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای گولڈن جوبلی: تین اماراتوں نے ٹریفک جرمانے میں رعایت کا اعلان کردیا
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر یکم دسمبر بروز بدھ سے 3 دسمبر بروز جمعہ تک چھٹی ہوگی اور 4 دسمبر سے ملازمین دفتری اوقات کے مطابق آفس آئیں گے۔
ادھر اماراتی ایئرلائنز نے رہائشیوں کو بیرون ملک چھٹیوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے خصوصی پیکجز متعارف کروائے ہیں جن کے تحت مسافروں کو ریٹرن ٹکٹ، ناشتہ، 3 راتوں کا ہوٹل قیام دیا جائے گا۔
ایئرعربیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ تعطیلات کے دوران 11 مقامات کیلئے کرایوں میں کمی سے متعلق پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں جن کی شروعات کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے کی جا رہی ہیں جہاں کا کرایہ ایک ہزار 249 درہم فی کس مقرر کیا گیا ہے۔