کراچی: سال نو پر شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف حکمت عملی تیار کر لی گئی، دفعہ 144 کا نافذ بھی عمل میں لایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نئے سال کی آمد کے موقع پر کمشنر سلیم راجپوت نے کراچی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جو یکم جنوری تک نافذ رہے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہوگی۔
دوسری طرف سال نو پر شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی، ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دیں اور ہر ٹیم کو الکوحل انہلر ڈیوائس فراہم کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی غیاث احمد کے مطابق شراب پی کرگاڑی چلانے سے کئی حادثات ہوتے ہیں، مشکوک کار کو روک کر تمام افراد کا الکوحل ٹیسٹ کیا جائے گا، اور کار میں موجود جس شخص نے شراب پی ہو قانونی کارروائی ہوگی۔
انھوں ںے کہا ٹریفک پولیس کی ہر ٹیم کے ساتھ متعلقہ تھانے کے اہلکار ہوں گے، شراب پینے والے شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج اور گاڑی ضبط کی جائے گی۔