کراچی اور لاہور میں سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 40 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندوں کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا اور مجموعی طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے25ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سے3،منگھوپیر سے3،سرجانی ٹاؤن سے2ملزمان گرفتار کیا۔
انہوں نے بتایاکہ گلشن معمار سے2،پاکستان بازار سے1،مومن آباد سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، مذکورہ ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ضلع کیماڑی کی پولیس نے کارروائی کرکے ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کےقبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔
دوسری جانب لاہور میں سال نو کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کیخلاف پولیس فوری حرکت میں آئی اور قانون کی خلاف ورزی پر15ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری تھانہ کینٹ، ہنجروال اور شاہدرہ کے علاقوں میں عمل میں آئی، لاہور کے علاقے کاہنہ اور راوی روڈ میں ہوائی فائرنگ کرنے والاگروہ گرفتار کرلیا گیا۔
اس کے علاوہ لاہور کے تھانہ شفیق آباد اور اچھرہ میں ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم اور ڈھولن وال قادری چوک سے ہوائی فائرنگ کرنے والےملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔