ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

نیویارک فلیٹ کیس: سابق صدر کل عدالت طلب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیویارک فلیٹ کیس میں عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت دینے کی استدعا مسترد کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیویارک فلیٹ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران آصف علی زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ ضمانت قبل از گرفتاری مانگ رہے ہیں؟ جس پر فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی عدم موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری اسپتال میں زیر علاج ہیں، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دی ہے، اگر عدالت طلب کرے گی تو آصف زرداری پیش ہوجائیں گے۔

فاروق نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت کی درخواست منظور کرے، جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ یہ طے شدہ ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست گزار کو پیش ہونا ہوتا ہے۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالت آصف زرداری کو غیر موجودگی میں ضمانت دے دے تو یہ کیس دیگر کیلئے بھی مثال نہ بن جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمانت کے لئے سابق صدر نے عدالت سے رجوع کرلیا

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کو حفاظتی ضمانت دے دیں تاکہ وہ یہاں پیش ہوجائیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وہ سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت لے سکتے ہیں، بعد ازاں عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو کل طلب کرتے ہوئے سماعت کل ملتوی کردی۔

گذشتہ روز سابق صدرآصف علی زرداری نے نیویارک فلیٹ کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اپنایاگیا تھا کہ نیب کال اپ نوٹس سے ساکھ متاثر ہونے کاخد شہ ہے۔

سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب کا ل اپ نوٹس معطل کیا جائے اور ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت دی جائے۔

اہم ترین

مزید خبریں