امریکا: نیویارک پولیس نے پاکستانی طالبہ نافعہ اکرام پر تیزاب سے حملہ کرنے والے کی تلاش تیز کر دی ہے، حملہ کرنے والے شخص سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کو انعامی رقم کا بھی اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 17 مارچ کو نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں 21 سالہ نافعہ اکرام پر سفید کیپ پہنے ایک نامعلوم شخص نے تیزاب پھینک دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کا چہرہ بری طرح جھلس گیا، اور ایک آنکھ متاثر ہوئی، بتایا جا رہا ہے کہ واقعے کے وقت درد کی شدت سے چیخنے سے تیزاب حلق میں جانے پر پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
پولیس تاحال حملہ آور تک نہیں پہنچ سکی ہے، تاہم پولیس نے حملہ آور سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کو 10 ہزار ڈالر انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے، دوسری طرف نساؤ کاؤنٹی کے چیف ایگزیکٹو نے بھی ملزم سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کو 20 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا۔
امریکا میں 21 سالہ پاکستانی طالبہ پر تیزاب حملہ، دفتر خارجہ کی تصدیق
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، حملے کی وجوہ کا بھی علم نہیں، پاکستانی طالبہ کے والد شیخ اکرام نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ نفرت پر مبنی جرم ہے اور نافعہ کو ہدف بنایا گیا۔
نافعہ کا علاج جاری ہے، ان کے علاج کے لیے انٹرنیٹ پر اپیل کے ذریعے 4 لاکھ 94 ہزار ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔