ابوظہبی: پاکستان سے سیریز منسوخ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیوی ٹیم کو دورہ پاکستان میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنا تھی تاہم جمعہ کو پہلا ون ڈے شروع ہونے سے چند لمحات پہلے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ منسوخ کردیا۔
ایک روز بعد کیوی دستہ خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے دبئی پہنچ گیا۔ کیوی کھلاڑی دبئی میں ایک روز کی آئسولیشن کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ مہمان ٹیم گیارہ ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی، چھ دن تک صدارتی لیول کی سیکیورٹی کے ساتھ گراؤنڈ آتی جاتی رہی، پریکٹس بھی کی اور پھر اچانک سیکیورٹی کا بہانہ بناکر دورہ یکطرفہ طور پر ختم کردیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو کا اہم بیان جاری!
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ‘ڈیوڈ وائٹ’ کا کہنا ہے کہ ٹیم کی محفوظ روانگی کے انتظامات میں مدد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ڈیوڈ وائٹ نے کہا یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے بہت مشکل وقت ہے، نیوزی لینڈکی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کی بہت منتظر تھی، جمعے کو سب کچھ بدل گیا، ایڈوائزری بدلی اور تھریٹ لیول بدلا، نیوزی لینڈ کی حکومت نے مخصوص اور مصدقہ خطرے کی پیشگوئی کی۔