جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

نیوزی لینڈ : چاقوزنی کی واردات میں 5 افراد زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

آکلینڈ : نیوزی لینڈ میں چاقو بردار شخص نے بازار میں خریداری کرنے والوں پر حملہ کر کے متعدد افراد ‏کو زخمی کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چاقو زنی کی واردات جنوبی نیوزی لینڈ کے شہر ڈینیڈن کی ایک کاؤنٹی میں واقع سپر مارکیٹ میں پیش آئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص سپر مارکیٹ میں داخل ہوا، جس کے دونوں ہاتھوں میں چھریاں تھی اور اس نے مارکیٹ اسٹاف پر چھریوں سے وار کرنا شروع کردیا۔

- Advertisement -

ارد گرد موجود افراد نے چاقو بردار شخص کو روکنے کی کوشش کی تو مسلح شخص نے خریداروں پر وار کرنا شروع کردئیے جس کے نتیجے میں روکنے والے بھی زد میں آگئے۔

حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس نے مسلح شخص کو گرفتار کرکے تفتیش کےلیے تھانے منتقل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ واردات کے پیچھے کیا محرکات ہیں تاحال معلوم نہیں ہوسکا البتہ چاقو زنی کی واردات دہشت گردانہ حملہ نہیں ہے۔

کرائسٹ چرچ مسجد حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، تعداد 51 ہوگئی

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں تشدد کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں لیکن 2019 میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک سفید فام شخص نے دو مساجد پر حملہ کرکے 50 سے زائد افراد کو شہید کردیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں