میکسیکو سٹی : غربت کی زندگی گزارنے والی ماں نے اپنے نومولود نواسے کو ویران گلی میں پھینکا اور اُس کے ساتھ ایک دل سوز تحریر بھی لکھی جسے پڑھ کر میئر بھی رنجیدہ ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکی ملک میکسیکو کے دارالحکومت میں پیزا بکس سے نومولود بچہ برآمد ہوا تھا، جسے اس کی نانی خراب مالی حالات کے باعث ڈبے میں بند کرکے ویران گلی میں چھوڑ گئی تھی۔
ایک ہفتے کے بچے کو پیزا کے ڈبے میں بند کرکے میکسیکو سٹی کی ایک ویران گلی میں چھوڑنے والی خاتون نے ساتھ ایک دل سوز خط بھی چھوڑا جسے پڑھ کر میئر نے بچے کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا۔
خاتون نے خط میں لکھا تھا کہ ’میرے نواسے کا خیال رکھنا، میری بیٹی اسے جنم دیتے ہی مرگئی اور میری پاس اتنے وسائل نہیں کہ اس کی اچھی پرورش کرسکوں‘۔
خاتون نے مزید لکھا کہ ’مجھے امید ہے کہ یہ ایک اچھی زندگی جیے گا جو اس کا حق ہے، خدا مجھے معاف کرے‘۔
میکسیکن حکام نے بچے کومیڈیکل چیک اپ کےلیے اسپتال منتقل کیا جس کے بعد میکسیکو سٹی کے میئر نے بچے کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا کہ ’خدا آپ کی نانی کو معاف کرے اور آپ کی ماں کو راحت و سکون بخشے‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میئر کی فیس بک پوسٹ کے بعد متعدد افراد کی جانب سے اس نومولود بچے کو گود لینے کےلیے درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔