حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کا اگلا تبادلہ 25 جنوری ہفتہ کو ہوگا۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے پبلک براڈکاسٹر کا کہنا ہے کہ اس تبادلے کے دوران چار اسرائیلی اسیران کو رہا کر دیا جائے گا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی بیان میں کہا ہے کہ قیدیوں کا تبادلہ ہفتہ وار جاری رہے گا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں سبکدوش ہونے والے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ حماس کے زیر حراست مزید چار خواتین کو "سات دنوں میں” رہا کر دیا جائے گا۔
اس کے بعد ہر سات میں تین اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، بائیڈن نے مزید کہا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں کم از کم دو امریکی شہریوں کو حماس کی قید سے رہا کیا جائے گا۔
الجزیرہ کے مطابق حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو ریڈکراس کے حوالے کر دیا ہے جنہیں عملے کے ارکان اپنی گاڑیوں میں لے کر روانہ ہو گئے ہیں۔
ریڈکراس رہا کی گئی خواتین کو اسرائیلی فوج کے سپرد کرے گی تاکہ شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
یرغمالی خواتین کی رہائی کا عمل پورا ہونے پر ہی اسرائیل 90 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔ اسرائیلی قید سے رہائی پانےوالوں میں 69 فلسطینی خواتین اور 21بچے شامل ہوں گے۔
اسرائیلی جیل حکام کو فلسطینی قیدیوں کی فہرست موصول ہوگئی ہے جنہیں رہائی دی جائے گی۔
خبرایجنسی کے مطابق جیل حکام معاہدے کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے طریقہ کار پر کام کر رہی ہے۔ فلسطینی قیدیوں کو رملہ کے قریب عفرجیل کے مرکزی استقبالیہ پر منتقل کیا جائے گا۔
ریڈ کراس کے نمائندے قیدیوں کی شناخت کریں گے۔