لاہور: پی ڈی ایم لاہور جلسے کے شرکا کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور جلسے کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کے ہدایت نامے میں شرکا سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شناختی کارڈ ضرور ساتھ لائیں۔
ہدایت نامے کے مطابق جلسے کے شرکا سے کہا گیا ہے کہ وہ جائز قانون کا احترام کریں، پنڈال میں سیکورٹی سے بھرپور تعاون کیا جائے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ سے اجتناب کریں، دوسروں کو بھی توڑ پھوڑ سے روکیں، قومی املاک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
شرکا کو ہدایت کی گئی ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے ارکان اور سپورٹرز کا احترام کیا جائے، اور میڈیا میں پی ڈی ایم کے مشترکہ مؤقف کی روشنی میں بات کی جائے۔
کابینہ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کا پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
واضح رہے کہ آج کابینہ سب کمیٹی برائے داخلہ اور لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دوسرہ طرف پی ڈی ایم نے مینار پاکستان پر قبضے کا دعویٰ کر دیا ہے، جلسے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ مینار پاکستان پر کارکن قبضہ کر چکے ہیں، حکومتی مداخلت پر حادثہ یا تصادم ہو سکتا ہے۔