قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن پلیئر آف دی منتھ ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی آل راؤنڈر ندا ڈار کو اکتوبر کے مہینے میں شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا۔
انہوں نے گذشتہ ماہ 6 میچز میں 72.50 کی اوسط سے 145 رنز اسکور کیے اور 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
Outstanding with both bat and ball ✨
A terrific all-rounder has been voted the ICC Women's Player of the Month for October 👏
Details 👇
— ICC (@ICC) November 7, 2022
جب کہ اسی کے ساتھ پاکستان کی آل راؤنڈر نے بھارت کے خلاف شاندار فتح میں آل راؤنڈر اننگز کھیلی تھی، انہوں نے بیٹنگ میں 56 رنز اور بولنگ میں 23 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
پلیئر آف دی منتھ کے لیے بھارت کی جیمیمہ راڈرگس اور دیپتی شرما کی بھی نامزدگی ہوئی تھی۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا ہی میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاش ہم ایشیا کپ بھی جیت سکتے، لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہم بطور ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔