نائجیریا میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی پھیلا دی مختلف حادثات میں دو سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور کم از کم 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ہولناک سیلاب بدھ کی رات سے جمعرات کی صبح تک ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث آیا، جس نے ریاست نائیجر کے کنارے واقع شہر موکوا اور آس پاس کے علاقوں میں تباہی مچائی۔
اس تباہی میں پانچ سو سے زائد افراد لاپتا ہیں، سیلاب سے نائیجریا کا وسطی علاقہ موکوا زیادہ متاثر ہوا، اس علاقے میں یہ 60 سال کے دوران کا سب سے خطرناک سیلاب ہے، جس میں سیکڑوں مکانات اور دو پل بہہ گئے، ہزاروں افراد بے گھر ہوئے۔
نائیجراسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے سیلاب نے 3 ہزار سے زائد افراد کو بےگھر کردیا ہے، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے مٹی اور ملبے کو اٹھانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔