کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 3 اغواکاروں سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس نے کورنگی سے اغوا ہونے والے ڈاکٹر کو بازیاب کراکے 3 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر مختلف کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان خود کو محکمہ صحت کے اہلکار ظاہر کرکے ڈاکٹر کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے ۔ پولیس کے مطابق تاوان کی رقم کا مطالبہ کرنے کے بعد ملزمان کو ٹریس کیا گیا۔
دوسری جانب کورنگی ڈھائی نمبر کے قریب پولیس نے گشت کےدوران ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم منشیات فروش اور ڈکیت گروپ کا سرغنہ ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے اورنگی اور پاکستان بازار پولیس نے مختلف جرائم کی وارداتوں میں ملوث4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن میں موٹرسائیکل چور اور غیر قانونی اسلحہ سمیت دیگراشیاء شامل ہیں۔
ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق سہراب گوٹھ میں پولیس نے بھی ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے6 کلو منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی۔
کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 3 دہشت گرد ہلاک
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔