ڈی آئی خان : سیکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے نو خوارج ہلاک کردیئے، ہلاک خوارج میں سرکردہ لیڈرشیریں بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران مؤثرکارروائی کے نتیجے میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک خوارج میں سرکردہ لیڈرشیریں بھی شامل ہیں، آپریشن کےدوران مختلف نوعیت کے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ خوارجی شیریں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، خوارجی شیریں 20 مارچ کو کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کے واقعہ کا بھی ذمہ دار تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن کے دوران انتہائی مکروہ واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا، علاقے میں ممکنہ خارجیوں کےخاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کےخاتمےکیلئے پرعزم ہیں۔
گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر سےخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی تھی، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 8 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کردیا تھا۔
وزیراعظم نے ڈی آئی خان تکواڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے مطلوب سرغنہ سمیت 9 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئےپُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسزکو سلام پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری قوم معترف ہے، قیام امن کیلئے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔