کراچی: پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے کہا ہے کہ انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی نشوا کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ دو ہفتوں میں جاری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے نشوا کے پوسٹ مارٹم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوسٹ مارٹم کی تجویز دی تھی، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور سیکریٹری ہیلتھ کے کہنے پر میڈیکل بورڈ بنایا گیا۔
پولیس سرجن نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ محفوظ کر لی گئی ہے جسے 2 ہفتوں میں جاری کیا جائے گا۔
قرار عباسی نے بتایا کہ تمام اجزا کا کیمیکل ایگزامن ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی سے کرایا جائے گا، ضرورت ہوئی تو چائلڈ اسپیشلسٹ کو بہ طور میڈیکل بورڈ ممبر شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نشوا کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی
پولیس سرجن نے کہا کہ بچی کے علاج پر مشتمل تمام ریکارڈ مانگا گیا ہے، تفتیشی افسر سے دارالصحت اور لیاقت نیشنل اسپتال سے علاج کے ریکارڈ کی فراہمی کے لیے کہہ دیا ہے، مکمل رپورٹ دینے سے قبل اسپتالوں کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔
خیال رہے کہ ننھی بچی نشوا کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین پہلوان گوٹھ قبرستان میں ہوگی، نشوا کی نماز جنازہ کا وقت پوسٹ مارٹم کی وجہ سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔