اسلام آباد : سپریم کورٹ میں این ایل سی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے نیب کی کارکردگی غیرتسلی بخش قرار دے دی۔
سپریم کورٹ میں این ایل سی اسکینڈل کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خوا جہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کررہا ہے۔ سماعت کے دوران نیب نے اس کیس میں ملزمان کو فوج کی جانب سے سنائی گئی سزا کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ جرائم کی تفتیش کے حوا لے سے نیب کی کارگردگی غیر تسلی بخش ہے۔
نیب نے اس کیس کی تفتیش پانچ سال تک کیوں زیر التوا رکھی، جس پر پراسیکیوٹرجنرل نیب نے کہا کہ کیس کا تمام ریکارڈ جی ایچ کیو میں تھا۔
جسٹس جواد نے کہاکہ معلوم کر کے بتایا جائے کہ نیب نے کیس کی تفتیش کے لئے جی ایچ کیو کو پہلا خط کب لکھا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانیوالی رپورٹ میں این ایل سی معاملہ جلد نمٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
سینئرصحافی اسد کھرل کی درخواست پر سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو سے این ایل سی اسکینڈل میں ہونے والی اب تک کی کارروائی پر رپورٹ طلب کی تھی ۔