عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں جس کے بعد پنجاب پولیس ان کی گرفتاری کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی کے سینئر سول جج نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس کی ٹیم روانہ ہوگئی ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے کے باعث رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر20/19 میں جاری ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کے حکم پر راولپنڈی پولیس عدالتی احکامات کی تعمیل کرے گی، ضابطے کے مطابق مقامی پولیس کو اطلاع دے کر رانا ثنا کی گرفتاری کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری نہیں ہوتی تو عدالت کو آگاہ کریں گے اور مزید ایکشن عدالت حکم پر ہی لیا جائے گا۔