اداکارہ نورے ذیشان کا کہنا ہے کہ پڑھائی میں اچھی نہیں ہوں میری توجہ اداکاری پر زیادہ ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں ثمر جعفری کی بہن کا کردار نبھانے والی اداکارہ نورے ذیشان نے دی نائٹ شو ود ایاز سموں میں مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ گوگل پر میری عمر 27 لکھی ہے کوئی مجھے انسٹاگرام پر کہتا ہے میں 30 سال کی ہوں۔
نورے ذیشان نے کہا کہ میں 9ویں جماعت میں ہوں لیکن پڑھنا اچھا نہیں لگتا، اداکاری پر میری توجہ ہے اسی کو کیریئر بنانا چاہتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے ریاضی سے بہت الرجی ہے اکثر فارمولے غلط کردیتی ہوں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے محض 12 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کردیا تھا اور پہلی بار انہیں اشتہار میں کام ملا۔
ان کے مطابق وہ والد کے ہمراہ مِختلف پروڈکشن ہاؤسز میں جاکر آڈیشن دیتی رہیں، انہیں متعدد بار مسترد کیا گیا لیکن پھر انہیں مواقع بھی ملے۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سارے ہدایت کاروں نے انہیں کہا کہ وہ اداکاری کرنے کے قابل نہیں، ان سے اداکاری نہیں ہو پائے گی لیکن آج وہ اداکاری کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر بتایا کہ متعدد ہدایت کاروں نے ان کی حوصلہ شکنی کی، جس کے بعد انہیں بھی محسوس ہونے لگا کہ واقعی وہ اداکاری نہیں کر سکتیں۔
نورے ذیشان نے کہا کہ انہوں نے مختلف پروڈکشن ہاؤسز میں آڈیشن دینے کا سلسلہ جاری رکھا، اسی دوران انہیں ’پرورش‘ میں کاسٹ کرلیا گیا، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔