جنوبی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے سمندر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بتایا کہ شمالی کوریا کی افواج نے مشرقی بندرگاہ شہر وونسن کے قریب صبح 8:10 اور 9:20 کے درمیان میزائل داغے۔
ان کے مطابق میزائلوں نے جاپان کے سمندر میں گرنے سے پہلے 800 کلو میٹر تک پرواز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: روس یوکرین جنگ میں شمالی کوریا کے سیکڑوں فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف
جنوری اور مارچ میں کئی مختلف قسم کے میزائل داغے جانے کے بعد یہ مبینہ تجربہ شمالی کوریا کی جانب سے اس سال کیے گئے بیلسٹک میزائل تجربات کا چوتھا دور ہے۔
جے ایس سی نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری فوج شمالی کوریا کی مختلف سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی غلط فہمی کو روکا جا سکے۔
ترجمان لی سانگ جون نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ مبینہ تجربے کا مقصد میزائل برآمدات کی کارکردگی یا پرواز کے استحکام کو جانچنا ہے۔
لی سانگ جون نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس ملک کو میزائل فراہم کیے جا سکتے ہیں، لیکن شمالی کوریا یوکرین میں اپنی جنگ میں روس کا کلیدی حمایتی رہا ہے۔
جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس کے مطابق شمالی کوریا نے اپنی جنگی کوششوں کی حمایت کیلیے میزائل، توپ خانہ اور تقریباً 15,000 فوجی روس بھیجے ہیں۔