پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک ہفتے میں چوتھی بار بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کر لیا ہے، یہ ایک ہفتے میں پے در پے چوتھا تجربہ ہے۔ یہ تجربات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے کے لیے جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد سے کیے جا رہے ہیں۔
جنوبی کوریا اور جاپانی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے پیانگ یانگ کے علاقے سے ملک کے مشرقی ساحل کی طرف 2 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔
جاپان کے قومی ٹیلی ویژن نے کہا کہ ہفتے کی صبح شمالی کوریا سے متعدد میزائل داغے گئے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر ہونے کے باوجود بحیرہ جاپان میں گرے ہیں۔
[Emergency alert]
North Korea has launched a suspected ballistic missile. More updates to follow.— PM's Office of Japan (@JPN_PMO) September 30, 2022
جاپان نے شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی شدید مذمت کی ہے، جاپان کے نائب وزیر دفاع توشیرو انو نے کہا کہ میزائل تجربات جاپان کی سیکیورٹی ا ور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا پر اس کے ہتھیاروں کے پروگراموں کے باعث اقوام متحدہ کی متعدد پابندیاں عائد ہیں، اس کے باوجود شمالی کوریا 2006 سے اب تک 6 بار جوہری ہتھیاروں کا تجربہ کر چکا ہے۔