راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی حسن خیل میں 5 اور 6 فروری کو کی گئی جس میں 12 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں لانس نائیک محمد ابراہیم شہید ہوگیا، 34 سالہ شہید کا تعلق ہنگو سے تھا۔
ہلاک خارجی دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا۔ دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
علاقے کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں سے پاک کرنے کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
یکم فروری کو بلوچستان کے علاقے قلات میں سکیورٹی فورسز نے 18 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ مقابلے کے دوران 18 جوانوں شہید ہوئے تھے۔
خارجی دہشتگردوں نے قلات کے علاقے منگوچر میں سڑک بلاک کرنے اور پرامن شہریوں کے معمولات زندگی متاثر کرنے کی کوشش کی تھی جس پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی ستائش ان کو خراج تحسین کیا۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد ابراہیم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہید لانس نائیک محمد ابراہیم کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں۔