راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے ایک جوان زخمی ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے جبکہ علاقے میں دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی سے متعلق کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔