اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

شمالی وزیرستان کے دو بچوں کا چائلڈ لیبر سے اسکول تک کا ایک منفرد سفر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: شمالی وزیرستان کے دو بچوں نے چائلڈ لیبر سے اسکول تک کا ایک منفرد سفر طے کیا، شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے محنت مزدوری کرنے والے عالیان اور ریحان اسکول پہنچ گئے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے ریحان کی عمر 7 سال جب کہ عالیان کی عمر 10 سال ہے، یہ دونوں بچے روز صبح فٹ پاتھ اور پیٹرول پمپ پر آفس اور اسکول جانے والے بچوں کے جوتے پالش کیا کرتے تھے۔

یہ دونوں بچے اسکول جانے والے بچوں سے پیسوں کی بجائے کاغذ اور پنسل لیتے تھے، بچوں کے لیے اتوار کا دن سب سے کٹھن ہوتا تھا کیوں کہ آفس اور اسکول کی چھٹی ہونے کی وجہ سے بچے اور گھر والے فاقہ کرنے پر مجبور ہوتے تھے، ماں کی بیماری اور باپ کے غیر یقینی ذریعہ روزگار نے بچوں کو وقت سے پہلے سنجیدہ اور نڈھال کر دیا تھا۔

- Advertisement -

ریحان بڑا ہو کر سائنس دان بننا چاہتا تھا تاکہ وہ جوتے پالش کرنے والی مشین بنا سکے، جب کہ عالیان بڑا ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتا تھا تاکہ کوئی بھی اس کی ماں کی طرح بیمار ہو تو وہ اس کا مفت علاج کر سکے۔

ایک دفعہ پاک فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے ان بچوں کو جوتے پالش کرتے ہوئے دیکھا اور گاڑی رکوا کر ان بچوں سے تفصیلی ملاقات کی، اس کے بعد اعلیٰ افسر نے بچوں کے والد سے ملاقات کی اور ان تمام مسائل کا سدباب کیا، اور بچوں کو پاک فوج کے زیر انتظام بوائز ہاسٹل میرانشاہ میں داخلہ دیا گیا۔

ہاسٹل میں دونوں بچوں کو مفت اور معیاری رہائش، کھانا، تعلیم اور کھیل کے ساتھ ساتھ ماہانہ وظیفہ اور میڈیکل کی سہولیات بھی فراہم کر دی گئیں، عالیان اور ریحان زندگی میں کبھی بھی اسکول نہیں گئے تھے، تاہم قابل اساتذہ کی شب و روز محنت اور بچوں کی لگن کی وجہ سے تین ماہ کے مختصر عرصے میں دونوں بچوں کو بنیادی تعلیم سے آراستہ کیا گیا۔

بچوں کی ان تھک محنت کے باعث ریحان کو کلاس ٹو اور عالیان کو کلاس تھری میں بہ آسانی داخلہ مل گیا، ان بچوں کو اللہ نے خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے، اب یہ بچے نہ صرف نصابی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، یہ بچے فخر پاکستان ہیں اور شمالی وزیرستان میں روشن صبح کی نوید ہیں۔

Comments

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں