نوشہرہ : سفاک درندوں نے ایک اور ننھی کلی مسل دی، نوشہرہ میں نو سال کی بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردی گئی، نامعلوم ملزمان نے معصوم بچی کی لاش قبرستان میں پھینک دی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کلاں میں نو سالہ بچی بدھ کو گھر سے مدرسے کے لئے گھر سے نکلی لیکن رات گئے تک واپس نہ آئی، والدین نے بچی کی گمشدگی کی رپورٹ متعلقہ تھا نے میں درج کرائی تھی۔
پولیس کے مطابق آج اس کی لاش خیشگی قبرستان سے برآمد کی گئی ہے، واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، اس حوالے سے ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے شواہد ملے ہیں جس کے بعد اسے قتل کیا گیا۔
علاوہ ازیں گزشتہ دنوں حویلیاں میں تین سالہ بچی سے زیادتی اورقتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے پولیس نے اٹھارہ مزید افراد کو حراست میں لے لیا ہے، گرفتار ملزمان کے خون کے نمونے ڈی این اے کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔