بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

نیشنل ٹاسک فورس کو ملکی میڈیسن مارکیٹس کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل ٹاسک فورس کو ملکی میڈیسن مارکیٹس کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم رؤف نے نیشنل ٹاسک فورس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملکی میڈیسن مارکیٹس کی سرویلنس تیز کرے، اور وفاق، صوبائی میڈیسن انسپکٹوریٹ میں تعاون بڑھایا جائے۔

آج جمعرات کو ڈاکٹر عاصم کی زیر صدارت نیشنل ٹاسک فورس کور ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے ڈرگ انسپکٹوریٹ سربراہان، ڈریپ کے ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس، لائسنسنگ نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عاصم رؤف نے ہدایت کی کہ غیر قانونی، جعلی، مقررہ سے زائد قیمت پر دوا کی فروخت جرم ہے، ٹاسک فورس ادویات کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بناتے ہوئے قانون شکن عناصر سے ڈریپ ایکٹ کے تحت سختی سے نمٹے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سستی، معیاری ادویات کی دستیابی کے لیے پرعزم ہیں۔

سی ای او ڈریپ نے ہدایت کی کہ نیشنل ٹاسک فورس ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن لے، اور جعلی، غیر قانونی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے، اور سلسلے میں بھرپور اقدامات کیے جائیں۔

ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملک کو جعلی اور غیر معیاری ادویات سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے، اب جعلی اور غیر قانونی ادویات بیچنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا۔

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں