تازہ ترین

جوہری سیکیورٹی: سعودی عرب کا بڑا منصوبہ

ریاض: سعودی عرب اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے جوہری سیکیورٹی کے لیے نئے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت اور آئی اے سی اے نے یورپی ملک آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے قریب ایجنسی کے نئے جوہری سکیورٹی سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی پیر، آسٹریا میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان اور ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے مستقل نمائندے نے شرکت کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی اے ای اے نیوکلیئر سیکورٹی ٹریننگ اینڈ ڈیموسٹریشن سینٹر آسٹریا کے دارالحکومت سے 30 کلومیٹر جنوب میں سیبرڈورف ضلع میں قائم کیا جارہا ہے۔

اس مرکز کا مقصد جوہری سلامتی کو بڑھانے اور جوہری دہشت گردی کے انسداد کے لیے ممالک کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنا ہے، سعودی حکام نے اس مرکز کے قیام کے لیے 8.3 ملین یورو(9.77 ملین ڈالر) عطیہ کیا ہے۔

تقریب کے موقع پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ یہ آئی اے ای اے کے لیے بڑا دن ہے جب ہم نیوکلیئر سکیورٹی کے نئے تربیتی مرکز کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں، یہ ایٹمی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ممالک کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

Comments

- Advertisement -