بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ویلور گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں سینئر نرس نے غفلت برتتے ہوئے نومولود بچے کا انگوٹھا کاٹ دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ 24 مئی کو پیش آیا جب تمل ناڈو کے ملی پالیم سے تعلق رکھنے والے وملراج (30) اور نیویتھا (24) کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
گلوکوز کی سوئی کو تبدیل کرنے کیلیے بچے کے ہاتھ سے ٹیپ ہٹانے کی کوشش کے دوران سینئر نرس نے قینچی سے اس کا انگوٹھا کاٹا۔
متاثرہ بچے کے والد کے مطابق جس وقت واقعہ پیش آیا نرس موبائل فون پر باتیں کر رہی تھی، ٹیپ ہٹانے کے دوران ان کی توجہ فون پر تھی جس کے باعث یہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پیزا ڈیلیور کرنے والی خاتون نے کسٹمر کا انگوٹھا چبا کر کاٹ ڈالا
بچے کے والد وملراج نے کہا کہ مجھے اس واقعے کے بعد ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹے سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی، یہ سراسر غفلت تھی۔
انگوٹھا کٹ جانے کے بعد اسپتال حکام نے بچے کو ہنگامی سرجری کیلیے چنئی کے سٹینلے گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا۔ واقعے میں ملوث نرس 15 سال سے نرسنگ کر رہی ہیں۔
ویلور ضلع کلکٹر سبولکشمی نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور والدین سے سخت کارروائی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ثابت ہوگیا کہ نرس اس وقت فون پر موجود تھی تو سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیپ ہٹانے کے دوران قینچی کی ضرورت نہیں تھی جبکہ اسے ہاتھوں سے انجام دیا جا سکتا تھا۔