واشنگٹن: سابق امریکی صدر بارکاوباما نے تاحال صدارتی امیدواروں کی دوڑ کے سلسلے میں نائب امریکی صدر کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق بارک اوباما سمجھتے ہیں کہ ان کی جماعت ڈیموکریٹ کی ممکنہ صدارتی امیدوار کملا ہیرس ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرا نہیں سکتیں، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے تاحال کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔
تاہم این بی سی نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کو کملا ہیرس نے اپنی صدارتی امیدواری کا اعلان کیا تھا، اس کے بعد سے بارک اوباما اور وہ قریبی رابطے میں ہیں، کملا ہیرس نے اس ہفتے اپنی مہم کا جب آغاز کیا تو ان دونوں میں متعدد بار بات چیت ہوئی۔
امریکی میڈیا نے قریبی افراد کے حوالے سے کہا ہے کہ اوباما نے نجی طور پر ہیرس کی امیدواری کی مکمل حمایت کی ہے، اور جلد ہی وہ اس کی باقاعدہ توثیق کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
48 سال میں پہلی بار 3 بڑے نام امریکی صدارتی انتخابات سے باہر
خیال رہے کہ اوباما امریکا کے واحد ہائی پروفائل ڈیموکریٹ ہیں، جنھوں نے ابھی تک ہیرس کی حمایت نہیں کی۔ جب کہ پارٹی کے دیگر رہنما عوامی طور پر ان کی حمایت کے لیے آگے بڑھے ہیں، لیکن سابق صدر نے اب تک اپنی حمایت کو نجی رکھا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مشیل اوباما بھی کملا ہیرس کی امیدواری کی حمایت کرتی ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اپنی گفتگو کے دوران سابق صدر نے ہیرس کو انتخابی مہم چلانے اور وائٹ ہاؤس میں کامیابی سے داخل ہونے کے سلسلے میں مشوروں کی دو بار پیش کش کی ہے، انھوں نے بھی تسلیم کیا ہے کہ کملا ہیریس نے بہت کم وقت میں بہت کچھ حاصل کر لیا ہے۔