کراچی: شہر قائد کے علاقے لی مارکیٹ میں ایک دکان میں سلنڈر دھماکوں کے بعد فلیٹوں کے مکین جان بچانے کے لیے کود پڑے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج لی مارکیٹ میں ایک عمارت کے نیچے سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ مکینوں نے جانیں بچانے کے لیے خطرناک انداز میں ایک رسی کے ذریعے خود کو باہر نکالا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کہ لی مارکیٹ میں واقع ایک دکان میں اچانک سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے بعد یکے بعد دیگرے دھماکے ہوتے رہے، اور آگ نے شدت اختیار کر لی۔
دکان کے اوپر بنے فلیٹوں کے مکین آگ بھڑکنے پر گھبرا گئے اور انھوں نے تیسری منزل سے ایک رسی لٹکا کر جانیں بچائیں، اس منظر کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا گیا کہ آگ لگتے ہی فلیٹ میں موجود افراد اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلے۔
لوگوں نے رسی کے ذریعے دوسری اور تیسری منزل کی گیلریوں سے رسی کے ذریعے نیچے اتر کر چھلانگیں لگائیں۔
واقعے کے فوری بعد ون فائیو مددگار موقع پر پہنچی، جس کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، آگ سے فلیٹوں کو نقصان نہیں پہنچا، نہ ہی واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔