اسلام آباد: سردی میں اضافے پر ملک میں انفلوئنزا سر اٹھانے لگا، قومی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بر وقت احتیاطی تدابیر نہ کی گئیں تو شہری انفلوئنزا اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارۂ صحت نے صوبوں کو ہنگامی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی کے اضافے پر ملک بھر میں انفلوئنزا سر اٹھانے لگا ہے جس سے بچنے کے لیے بر وقت احتیاطی تدابیر کی جائیں۔
[bs-quote quote=”بچے، بزرگ اور حاملہ خواتین انفلوئنزا کا بہ آسانی شکار بن سکتے ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”قومی ادارۂ صحت”][/bs-quote]
قومی ادارۂ صحت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انفلوئنزا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بچے، بزرگ اور حاملہ خواتین انفلوئنزا کا بہ آسانی شکار بن سکتے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شوگر کے مریض، موٹے افراد اور دل کے مریض بھی انفلوئنزا کا آسان شکار ہیں، سانس کے مریضوں کو انفلوئنزا ہونے سے پیچیدگیاں بھی ہو سکتی ہیں۔
قومی ادارۂ صحت نے متعلقہ اداروں کو انفلوئنزا پر قابو پانے کے لیے بر وقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بر وقت احتیاطی تدابیر اپنا کر انفلوئنزا سے بچا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا غریب مریضوں کی مالی اعانت کا فیصلہ
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ زکام، بخار کے مریضوں سے میل جول میں احتیاط برتی جائے، بیمار افراد سے ملنے کے بعد ہاتھ، منہ، آنکھوں کو مت چھوئیں، اور ہاتھ صابن سے دھوئیں۔