جمعرات, فروری 6, 2025
اشتہار

نگراں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ون آن ون ملاقات، کیا طے پایا؟

اشتہار

حیرت انگیز

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر میں ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے تعاون کا فیصلہ کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس آئے جہاں ان کی نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ حلقہ بندیوں اور انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق ملاقات میں صوبے میں بین المذہبی ہم آہنگی کیلیے اجلاس اور سیمینار کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں مجموعی امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور نگراں وزیراعلیٰ نے کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن پر نگراں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کراچی میں امن وامان خاص طور پر اسٹریٹ کرائم پر بھی گفتگو کی

ترجمان کے مطابق ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے نگراں وزیراعظم کو کراچی کے نالوں کی متاثرین کی بحالی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سندھ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نگراں صوبائی حکومت کو ہدایت کی اور کہا کہ کراچی میں بہترین امن وامان سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں