کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کی مشکلات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے سوشل میڈیا پر کل آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
وزیر اعظم آفس اور ایوی ایشن ڈویژن کی ہدایات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی عوام الناس اور فضائی مہمانوں سے رابطے بڑھانے اور ان کے مسائل اور شکایات کو حل کرنے کیلئے کل ایک کھلی کچہری کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔
آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد خصوصی طور پر ان کیلئے کیا جارہا ہے جو شہری یا ہوائی مسافر جو اپنے مسائل یا شکایات کا اندراج پاکستان سٹیزن پورٹل پر نہیں کرتے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے آفیشل فیس بک پیچ پر منعقد ہونے والی چھٹی آن لائن کھلی کچہری کل بروز منگل26 جنوری کو صبح ساڑھے دس سے ساڑھے گیار ہ بجے تک جاری رہے گی۔
اس حوالے سے ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ اس کھلی کچہری میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی خاقان مرتضیٰ عوام کے مسائل سن کر ان کا ازالہ کریں گے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کھلی کچہری میں عوام الناس اور فضائی مسافروں کے مسائل اور شکایات مثلاً سامان کا کھو جانا یا سامان کا نقصان، سی اے اے کے ملازمین کا رویہ ایئرلائنز سے متعلق شکایات، سہولیات کے فقدان کے سمیت تمام شکایات کو نہ صرف سنیں گے بلکہ موقع پر ان کے حل کے لئے احکامات بھی جاری کریں گے۔