لاہور: عید الاضحیٰ کے بعد پنجاب میں کرونا ٹیسٹ کے نتائج کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی، عید کے بعد 20 دنوں میں صرف 95 کرونا کیسز مثبت آئے۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے بعد مجموعی طور پر مختلف شعبوں سے 59 ہزار 815 سیمپل لیے گئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیے گئے تمام پی سی آر ٹیسٹ تھے، جن میں سے 95 پازیٹو، 54 ہزار 747 نیگیٹو آئے۔
رپورٹ کے مطابق پازیٹو کرونا کیسز کی شرح 0.16 فی صد رہی، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ٹویٹ بھی کیا، جس میں انھوں نے کہا احتیاطی تدابیر جاری رکھنی چاہیئں تاکہ وائرس کا پھیلاؤ دوبارہ نہ بڑھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارکیٹوں سے 34 ہزار 289 سیمپل لیے گئے تھے جن میں سے 82 مثبت آئے، باقی منفی نکلے۔ شاپنگ مالز سے 4 ہزار 810 سیمپل لیے گئے تھے جن میں سے 8 مثبت نکلے۔
سیاحتی مقامات سے 5 ہزار 353 سیمپل لیے گئے تھے جن میں سے کوئی بھی پازیٹو نہیں آیا۔
پنجاب کے3 شہروں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
واضح رہے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کرونا وائرس کے 121 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ کرونا انفیکشن سے مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد 96,178 ہو گئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 2,188 ہے۔
ترجمان ہیلتھ کیئر کے مطابق اب تک 866,235 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 91,150 ہو گئی ہے۔
ادھر پنجاب کے 3 شہروں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، لاہور کے 12 مقامات پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، جن میں 19،538 کی آبادی کو مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، ان مقامات سے 28 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
راولپنڈی کے 3 مقامات پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ جاری ہے، یہاں کرونا کے 7 کیسز رپورٹ ہونے پر 947 افراد کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ مثبت کیسز پر گوجرانوالہ میں 2 مقامات پر گھروں کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق 14 دن کے لیے ہوگا، ان مقامات پر پولیس ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔