جمعہ, فروری 21, 2025
اشتہار

غزہ کے ہزاروں طلبہ کی موت میں مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے آلات نے کیا کردار ادا کیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت والے آلات نے کس طرح غزہ کے طلبہ کو جنگجو بتا کر موت کے حوالے کیا؟ امریکی نیوز ایجنسی نے ایک دل دہلا دینے والی رپورٹ اس کی تفصیل دے دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیک کمپنیوں نے اسرائیلی فوج کو ایسی AI اور کمپیوٹنگ سروسز فراہم کیں، جس کی مدد سے اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں مبینہ جنگجوؤں کا سراغ لگانے اور ان کو مارنے میں بڑی تیزی دکھائی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے اے آئی آلات نے غزہ کے طلبہ کو جنگجو کے طور پر غلط شناخت کیا، اور شہریوں کی ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے خدشہ پیدا کر دیا ہے کہ یہ آلات معصوم لوگوں کی ہلاکتوں میں معاون ثابت ہوئے ہیں۔

اے پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج مشتبہ گفتگو یا رویے کا پتا لگانے اور دشمنوں کی نقل و حرکت کو جاننے کے لیے انٹیلیجنس کے وسیع ذخیرے، پکڑے گئے پیغامات اور سرویلنس کو چھاننے کے لیے AI کا استعمال کرتی ہے۔ اور 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد تو اسرائیلی فوج کی جانب سے مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کے مصنوعاتی ذہانت کے ٹولز کا استعمال میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

مذکورہ اے آئی ٹولز میں Microsoft Azure اور Open AI’s Whisper شامل ہیں، تاہم اے پی کی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ جس طرح سے یہ AI سسٹم اہداف کو منتخب کرتا ہے، وہ غلط بھی ہو سکتا ہے، اور ناقص ڈیٹا یا غلط الگورتھم کی وجہ سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔

اسرائیلی یرغمالیوں کی ذلت آمیز پریڈ پر اقوام متحدہ کے ماہرین کی شدید تنقید

ایک کیس میں ایک اسرائیلی انٹیلیجنس افسر نے انکشاف کیا کہ فوج کے اہداف کے نظام نے ہائی اسکول کے طلبہ کی فہرست کو ممکنہ جنگجو کے طور پر غلط شناخت کیا۔ انھوں نے کہا کہ عربی میں ’’حتمی‘‘ (فائنل) کے عنوان سے متعدد لوگوں کے پروفائلز سے منسلک ایک ایکسل اسپریڈشیٹ میں غزہ کے ایک علاقے کے کم از کم 1,000 طلبہ کے نام بھی دیے گئے تھے جو دراصل امتحانی فہرست میں شامل تھے۔

انٹیلیجنس افسر نے کہا کہ اگر اس نے غلطی نہ پکڑی ہوتی تو ان فلسطینیوں کو غلط طریقے سے نشان زد کر دیا جاتا اور انھیں نشانہ بنا دیا جاتا، افسر نے اے پی کو بتایا کہ وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ دیگر افسران پر، جن میں سے کچھ ابھی محض 20 سال سے کم ہیں، AI کی مدد سے تیزی سے اہداف تلاش کرنے کا دباؤ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ تباہ کن فیصلہ کر لیتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں