تازہ ترین

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کیخلاف پولیس آپریشن جاری

روجھان : پنجاب پولیس کا ڈاکوؤں اور شرپسند عناصر کے خلاف کچے میں آپریشن دسویں روزمیں داخل ہوگیا، چار ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے کچے کے علاقے میں پولیس آپریشن میں کامیاب کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹارگٹڈ کارروائی کےدوران کوکانی گینگ کے4کارندے گرفتار کیے گئے ہیں۔

پولیس نے اب تک ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانے تباہ کردیے، دوران آپریشن بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ گرفتارملزمان کےقبضہ سے کلاشنکوف اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد18ہوگئی ہے اس کے علاوہ3ڈاکو ہلاک ہوئے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جدید ہتھیاروں اور بکتر بند سے لیس پولیس دستوں نے چک کپڑا، خیرپور بمبلی کا کنٹرول سنبھال لیا، پولیس نےدہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرکے وہاں پولیس پکٹس قائم کردیں۔

ڈاکو اپنے علاقوں سے نکل کر سندھ فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں، پولیس کی ٹیموں کا تعاقب جاری ہے، تمام راستوں کو سیل کرکے دریا میں کشتیوں پر پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پولیس نے خطرناک عسکریت پسند کریمنل قابل سکھانی کے خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے ان کا گھیراؤ کر لیا ہے جہاں مسلح عسکریت پسندوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جزیرہ نما دشوار گزار دریائی علاقہ ہونے کے باوجود پولیس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔

Comments

- Advertisement -