اسلام آباد: حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لئے اپوزیشن نے سیاسی رابطوں کو تیز کردیا ہے اور حکومتی اتحادیوں سے بھی ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقات کے ثمرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، اپوزیشن نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لئے اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے وزیراعظم کےخلاف عدم اعتماد سےقبل حکومتی اتحادیوں کا رخ کرلیا ہے، آصف زرداری، بلاول بھٹو کی چوہدری شجاعت سےملاقات اسی سلسلےکی کڑی ہے( آصف زرداری آج لاہور میں چوہدری برادران کے جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شریک ہونگے)۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت ق لیگ کو حکومتی اتحاد سے الگ کرنےکیلئے قائل کرےگی، آصف زرداری سے ملاقات میں مونس الہی اور چوہدری سالک حسین اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی،ن لیگ قیادت کے درمیان حالیہ ملاقات میں حکومتی اتحادیوں سےرابطوں پراتفاق ہواتھا جبکہ پی ڈی ایم کےاجلاس میں بھی حکومتی اتحادیوں کو پی ٹی آئی سےالگ کرنےکی تجویز سامنے آئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلےمرحلے میں دیگرحکومتی اتحادیوں سےرابطےکئےجائیں گے۔