کراچی : اورنگی ٹاؤن کے علاقے فرید کالونی میں فائرنگ سے ایک اور شہری کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ یہ ڈکیتی تھی یا ذاتی دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا۔
اس حوالے سے مقتول کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ تین ملزمان گھر کے باہر پہنچے جس میں سے 2 ملزمان گھر کے باہر کھڑے رہے اور ایک اندر آگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی کے مطابق مقتول کی بیٹی نے اپنی بالیاں اتار کر کہا یہ لے لو لیکن ایک ملزم نے اچانک گولی چلائی اور تینوں فرار ہوگئے۔
اسپتال میں مقتول کے بھائیوں نے کہا کہ ہمارے بھائی کو دشمنی کی بنیاد پر مارا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بعد میں بتائیں گے کس پرشک ہے، پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سچل کے علاقے اسکیم33سکندر گوٹھ میں ایک اور نوجوان رہزنوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت شجاعت علی کے نام سے ہوئی ہے جو پیشہ کے لحاظ سےڈرائیور تھا۔