کراچی: چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سندھ میں گندم کی چوری اور خورد برد پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے حکومت سندھ کے محکمہ خوراک کی طرف سے دو مقدمات پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں گند م کے اسٹاک کی فزیکل ویریفیکیشن اور ڈسٹرکٹ گھوٹکی سے کراچی ریجن تک گندم کی ترسیل میں خورد برد اور چوری کی تحقیقات ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ
چئیرمین نیب نے ڈی جی نیب سکھر کو ہدایت کی ہے کہ دونوں مقدمات کی فوری تحقیقات شروع کی جائیں اور بد عنوان عناصر سے سرکاری فنڈز بر آمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے جائیں۔
واضح رہے کہ 4 مئی کو سندھ حکومت نے 7ارب کی گندم چوری کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیر خوراک سندھ کا کہنا تھا کہ نیب تاریخی چوری پر دودھ کا دودھ پانی کا پانی کرے۔