پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے چوتھے میچ کو یتیم اور بے سہارا بچوں نے اسٹیڈیم میں آ کر دیکھا اور انجوائے کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعرات کو کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے چیئرمین پی سی بی کی جانب سے یتیم اور بے سہارا بچوں کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔
جمعرات کی شام ان بچوں نے پی سی بی کے خاص مہمان کے طور پر اسٹیڈیم کے وی آئی پی باکس میں دیکھ کر براہ راست میچ دیکھا۔ اس موقع پر ان کے چہروں سے چمکتی خوشی دیدنی تھی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی میچ کے اختتام پر ان بچوں کے پاس گئے اور ان سے ملاقات کرتے ہوئے میچ سے متعلق پوچھا جس پر بچوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلی بار اسٹیڈیم آکر میچ دیکھا ہے اور ہمیں بہت زیادہ مزا آیا۔
بچوں نے میچ دکھانے پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے ہمارا بہت خیال رکھا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے پر ان بچوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ہماری دعوت قبول کی اور اسٹیڈیم آئے جس پر میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ یہ میچ جیت نیوزی لینڈ نے جیت کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی اور پاکستان کا سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔