پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار لیگ اسپنر اسامہ میر نے سابق آل راؤنڈر شاہدخان آفریدی کو اپنا پسندیدہ لیگ اسپنر قرار دے دیا۔
پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دیتے ہوئے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے اسامہ میر نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج میں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا میچ کےلیے کنڈیشن کو سمجھ کر پلان بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بھی کنڈیشن پاکستان سےمختلف ثابت نہیں ہوں گی پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ورلڈ کپ کیلئے تیار کیا جا رہا ہے مینجمنٹ کی کوشش ہے موقع ملنے پر کھلاڑی چیلنج کو قبول کرسکیں۔
اسامہ میر نے واضح کہا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے شاداب خان میچ ونر کھلاڑی ہیں ورلڈ کپ سےقبل شاداب خان ردھم میں آجائیں گے ہم دونوں ہی ورلڈکپ کو سوچ کر تیاری کررہے ہیں۔
لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دوسال سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے محروم رہا اس دوران میں نے مایوس ہونے کے بجائے بولنگ پر محنت کی، پاور ہٹنگ پر بھی کام کررہا ہوں تاکہ ضرورت پڑنے پر کردار ادا کرسکوں، لیگ اسپن بولنگ میرے لیے زیادہ کامیاب رہی ہے شاہد آفریدی میرے پسندیدہ لیگ اسپنر ہیں۔