اسلام آباد : اسامہ ستی قتل کیس کے 2 ملزمان کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی گئی جبکہ 3 مجرمان کو بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسامہ ستی قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے مجرمان افتخار احمد اور محمد مصطفیٰ کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔
فیصلے میں مجرمان سعید احمد ،شکیل احمد اور مدثر مختار کو کیس سے بری کردیا گیا، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
یاد رہے اسامہ ستی قتل کیس میں سزائے موت پانے والے 2 اہلکاروں سمیت 3 ملزمان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔
درخواست گزارافتخار احمداور محمد مصطفیٰ کی سزاکوکالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرائل کورٹ کافیصلہ قانون سے متصادم ہے، کالعدم قراردیاجائے، ٹرائل کورٹ کی سنائی گئی سزاکو ختم کرکےمقدمے سےبری کیا جائے۔
مزید پڑھیں : اسامہ ستی قتل کیس: 2 ملزمان کو سزائے موت اور 3 کو عمر قید کی سزا سنادی گئی
واضح رہے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان کو سزائے موت اور تین کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
خیال رہے بائیس سالہ نوجوان اسامہ ستی کو جنوری 2021 کو سرینگر ہائے وے پر رات ڈیڑھ بجے قتل کردیا گیا تھا۔
اسامہ ستی قتل کیس کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی پولیس کے اہلکار نامزد ہیں اور سابق سیکرٹری ہائیکورٹ بار راجہ فیصل یونس اسامہ ستی کیس میں مدعی کے وکیل ہیں۔