وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 4 ڈسکوز کے علاوہ تمام ڈسکوز میں بجلی چوری ہو رہی ہے، گوجرانوالہ، اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور کے علاوہ تمام ڈسکوز بجلی چوری کر رہے ہیں۔
شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کےپی سمیت تمام صوبےوفاقی حکومت کیساتھ مل کربجلی چوری کو روکیں، جماعت اسلامی کو معلوم ہے اصلاحات، اقدامات کے بغیر مسائل کاحل ممکن نہیں، بجلی بحران کی وجہ کرنسی کی گراوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی معاشی مسائل پرسیاست نہیں کرنی چاہیے انتشار سے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا، 2018میں سازش سےملک کو ایک اناڑی اور ضدی شخص کے حوالے کیا گیا بانی پی ٹی آئی نے عزیز مُلک چین پر کرپشن کے بےبنیاد الزام لگائے، بانی پی ٹی آئی نے4سال میں مخالفین پرمقدمات بنائےاورجیلوں میں ڈالا، سڑکوں پر ہنگاموں اور عوام کومشتعل کر کے سرمایہ کاروں کو بھگایا جار ہا ہے۔
وفاقی وزیر نے سیاسی جماعتوں سے مل بیٹھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہےکہ ملکی چیلنجزایک جماعت کےنہیں ہیں تمام جماعتیں سیاست، لانگ مارچ کی بجائےسرجوڑ کر مسائل کا حل نکالیں، پاکستان کو سی پیک فیز ٹو کی صورت میں نادر موقع ملا ہے چین نے ایک بار پھر ہماری طرف ہاتھ بڑھایا ہے چین پاکستان میں روزگار، توانائی، خطے سے جوڑنے کے منصوبے پر کام کیلئے تیار ہے۔