اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح ہیلتھ سسٹم کی استعداد بڑھانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سےمعاشی ریلیف پیکج کا اعلان کیاگیا ہے،آج کے پی حکومت کی جانب سے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پہلی کوشش ہے فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو سامان پورا کیا جائے، ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف کاحفاظتی سامان پورا کیاجا رہاہے،ہماری پہلی ترجیح ہیلتھ سسٹم کی استعداد بڑھانا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ مستحقین کے لیے بھی حکومت کی جانب سے اقدامات کر رہے ہیں،کرونا جیسی وبا سے لڑنے کے لیے احتیاط ہی ہمارے پاس بڑا ہتھیار ہے۔
وزیراعظم کا لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اینکر پرسنز سےگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنے وسائل کے مطابق ہی فیصلے کر رہے ہیں، کرونا کے خلاف جنگ متحد ہوکر جیت سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فنڈ قائم کر رہا ہوں جس کے ذریعے بھی مستحقین کو رقم دی جائےگی۔ انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم بھی دیا۔