پشاور: اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن سے کے پی کے مزدوروں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا کہ صحت کارڈ کی سہولت کے سب سے زیادہ مستحق اوورسیز پاکستانی ہیں، اس سہولت کے تحت لیبر ویزے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی علاج کروا کر میڈیکل رپورٹ محکمہ صحت کو بھیجیں گے۔
علی امین گنڈاپور کے مطابق میڈیکل رپورٹ کی تصدیق ہو جانے کے بعد اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے اہل خانہ کو علاج کے اخراجات ادا کیے جائیں گے۔
لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پی میں جرمن تنظیم ’کے ایف ڈبلیو‘ کے تعاون سے صحت کارڈ پلس کے تحت مفت او پی ڈی کی سہولت کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جو اس حوالے سے پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں یہ اسکیم ضلع مردان میں شروع کی جا رہی ہے، جہاں 50 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے، اگلے مرحلے میں چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ او پی ڈی سروس کے تحت مریضوں کو مفت ادویات، میڈیکل ٹیسٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔