اشتہار

ماضی کی مشہور اداکارہ اور کلاسیکی رقص کی ماہر پدمنی کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

تقسیمِ ہند سے پہلے اور آزاد ہندوستان کے ابتدائی برسوں میں کولکتہ اور ممبئی کی فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے کئی چہروں میں پدمنی بھی شامل تھیں جو کلاسیکی رقص کی ماہر اور ایسی اداکارہ تھیں جنھوں نے اپنے وقت کے بڑے فن کاروں کے ساتھ کام کیا، لیکن آج بہت کم لوگ ان کے نام سے واقف ہیں۔ پدمنی 25 ستمبر 2006ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔ ان کی عمر 74 برس تھی۔

پدمنی کو جنوبی بھارت اور بولی وڈ کی کام یاب فلموں میں نبھائے گئے کرداروں اور بالخصوص بھرت ناٹیم جیسے کلاسیکی رقص میں اُن کی مہارت کے سبب شہرت ملی تھی۔

پدمنی نے 16 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز ہندی فلم کلپنا سے کیا تھا اور وہ اس فلم میں بطور ڈانسر نظر آئی تھیں۔ یہ 1948ء کی بات ہے۔ اس کے بعد پدمنی نے تقریباََ 30 سال تک فلمی دنیا میں کام کیا اور 240 سے زائد فلمیں کیں۔

- Advertisement -

پدمنی 1932ء میں موجودہ بھارت کی ریاست کیرالہ کے ایک قصبے میں پیدا ہوئیں۔ پدمنی شروع ہی سے کلاسیکی رقص میں دل چسپی لیتی تھیں اور مسلسل مشق نے انھیں ماہر رقاصہ کے طور پر فلم انڈسٹری تک پہنچا دیا۔ انھوں نے فلمی سفر کا آغاز جنوبی بھارت کی فلموں سے کیا۔ وہ تمل ملیالم ، تیلگو اور کنڑ زبانوں میں کئی کام یاب فلموں میں نظر آئیں اور پھر بولی وڈ کی کشش اس دور کے دیگر فن کاروں کی طرح پدمنی کو بھی ممبئی کھینچ لائی جہاں 1957ء میں انھیں فلم ‘پائل’ میں کام ملا۔ اس فلم کے بعد وہ بابو بھائی مستری کی فلم ‘مہا بھارت’ میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوئیں، لیکن ان کی وجہِ شہرت فلم اسٹار راج کپور کی فلم ‘جس دیش میں گنگا بہتی ہے’ ہے۔ اس فلم میں وہ اپنے حُسن اور کلاسیکی رقص کی بدولت شائقین کو متاثر کرنے میں کام یاب ہوگئیں۔ یہ اپنے وقت کی ہٹ فلم تھی جس میں پدمنی نے راج کپور کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا۔ فلم میں باکمال اداکار پران نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس کے ہدایت کار رادھو کرماکر تھے۔ اداکارہ پدمنی اس فلم میں ڈاکوؤں کے ایک سردار کی بیٹی بنی تھیں اور یہ کردار ‘کمو’ نامی لڑکی کا تھا جسے ایک غریب اور یتیم راجو سے محبت ہوجاتی ہے۔ یہ کردار راج کپور نے نبھایا تھا اور بعد میں پدمنی نے ان کے ساتھ فلم ‘میرا نام جوکر’ میں بھی کام کیا۔ راج کپور کے علاوہ پدمنی نے راج کمار اور دیو آنند جیسے بڑے فن کاروں کے ساتھ بھی فلمیں کیں۔

ماضی کی اس فن کار نے ڈاکٹر ٹی کے رامچندرن سے شادی کے بعد فلم نگری سے کنارہ کرلیا تھا اور امریکہ چلی گئی تھیں۔ لیکن وہاں انھوں نے رقص کا سلسلہ جاری رکھا اور 1977 میں نیو جرسی میں ’پدمنی اسکول آف فائن آرٹس‘ کی بنیاد ڈالی۔ اس ادارے میں انڈین کلاسیکی رقص کی تعلیم دی جاتی تھی اور اس کا شمار امریکہ کے بڑے اور قدیم اسکول میں کیا جاتا ہے۔

پدمنی نے بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں