اسلام آباد: پاکستان نے پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم کی دوسری جنرل کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹری اسمبلی آف اکانومک کوآپریشن آرگنائزیشن کی دوسری کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، یہ کانفرنس 2 جون تک جاری رہے گی، شرکت کے لیے وفود اسلام آباد پہنچ گئے۔
قومی اسمبلی آف پاکستان PAECO کی دوسری جنرل اسمبلی کی کانفرنس کی میزبانی کرے گی، کانفرنس میں افغانستان، ترکی، ازبکستان، تاجکستان، آذربائیجان، قازقستان اور کرغزستان کے اسپیکرز شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں ایران اور ترکمانستان کے اسپیکرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے، جب کہ افتتاحی اجلاس میں صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
افتتاحی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر استقبالیہ خطاب کریں گے، جس کے بعد افغانستان، آذربائیجان، ایران، کرغزستان، تاجکستان، ترکی، ازبکستان، قازقستان کے اسپیکرز خطاب کریں گے۔
اس کانفرنس کا مرکزی موضوع علاقائی اتحاد کے لیے پارلیمانی شراکت کو فروغ دینا ہے، کانفرنس میں شریک شرکا ای سی او کے ممبر ممالک کے مابین بین الپارلیمانی تعاون پر غور کریں گے، تجارت، سیاحت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے راستے تلاش کرنے پر بھی غور و غوض کیا جائے گا۔
بین الاقوامی اہمیت کی حامل یہ کانفرنس اسپیکر اسد قیصر کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے، کانفرنس باہمی امن اور خوش حالی کے ایجنڈے کو مستحکم کرنے کے لیے بین الپارلیمانی رابطوں پر مرکوز ہے۔